مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا 43 واں سالانہ اجتماع 2023ء

مکرم صہیب احمدصاحب، ناظم رپورٹنگ

مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا 43 واں سالانہ اجتماع مورخہ 19 تا 21 مئی 2023ء کو بموضوع اَلْخَیْرُ کُلُّہٗ فِیْ الْقُرْآن’’تمام قسم کی بھلائیاں قرآن میں ہیں‘‘ کے تحت PSD Bank Arena فرانکفرٹ میں منعقد ہوا۔ اجتماع کا مقصد خدام کی تعلیم و تربیت اور نوجوانوں کے مابین اخوت و بھائی چارہ کی روح کو پروان چڑھانا تھا۔ امسال اجتماع کی کل حاضری 8700 رہی جس میں 6498 خدام، 1018 انصار، 953 اطفال اور 231 دیگر مہمان شامل ہیں۔ اس تین روزہ اجتماع میں جرمنی کے طول و عرض سے آئے ہوئے خدام نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں بھرپور حصہ لیا۔ امسال ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم عثمان احمد مقرر ہوئے جن کی 14 نائب ناظمین اعلیٰ اور 79 ناظمین نے معاونت کی۔
اجتماع میں خدام کی تعلیم و تربیت اور دلچسپی کو مدِّنظر رکھتے ہوئے مختلف سٹالز لگائے گئے جن سے خدام بھائیوں نے تینوں دن بھرپور استفادہ کیا۔ ان میں Fit 4 Salat ،Survival Coaching، ہیومینٹی فرسٹ، النصرت، شعبہ رشتہ ناطہ، بک شاپ، شعبہ وصیّت، سومساجد، جامعہ احمدیہ، Khuddam Cafe Ask a Murrabi، بک سٹال شعبہ اشاعت، ریویو آف ریلیجنز کے سٹالز شامل ہیں۔ اسی طرح اجتماع میں مجلس خدام الاحمدیہ کے زیرِانتظام ایک بازار بھی لگایا گیا۔ اسی طرح لنگر اور ضیافت کی ٹیم کی طرف سے تینوں دن خدام بھائیوں کے لئے کھانے کا بھی انتظام تھا۔
تیاری و معائنہ اجتماع
15 مئی بروز سوموار صبح 9 بجے دعا کے ساتھ اجتماع کی باقاعدہ تیاری کا آغاز ہوا۔ سوموار، منگل اور بدھ کو بالترتیب 85، 192 اور 290 خدام تیاری میں شامل ہوئےجبکہ 20 خدام اور 70 طلباء جامعہ احمدیہ جرمنی اجتماع گاہ میں تیاری کی غرض سے قیام پذیر رہے۔ امسال اجتماع گاہ کا بڑا ٹینٹ ایک کمپنی کی مددسے لگوایا گیا جبکہ خدام نے 70گھنٹے کے اجتماعی وقارِ عمل سےکل 31 خیمہ جات خود لگائے۔ 18 مئی کی شام مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی اور ناظم اعلیٰ صاحب اجتماع نے اجتماع گاہ کے تمام حصوں کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد ناظمین کے ساتھ ایک مختصر نشست کے ذریعہ ناظمین کو اجتماع کے حوالے سے عمومی ہدایا ت دی گئیں۔
اجتماع کا پہلا دن
نماز جمعہ کی ادائیگی، تقریب پرچم کشائی اور افتتاحی تقریب:
اجتماع کے تینوں دن نمازِ تہجد پنجوقتہ نماز اور درس کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا۔ پہلے روز صبح سوا آٹھ بجے سے ہی اجتماعی ورزشی مقابلہ جات کا بھی آغاز ہوگیا۔ شاملین ِاجتماع نے دوپہر ڈیڑھ بجے مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ خطبہ کا عنوان ‘‘والدین کی اطاعت اور ان کے حقوق’’ تھا۔ اس کے بعد تمام خدام نے مل کر حضورانور کا براہِ راست نشر ہونے والا خطبہ جمعہ سنا جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی اور مکرم امیر صاحب جرمنی نے افتتاحی دعا کروائی۔ اس کے بعد ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔ اجتماع کے پہلے دن کرکٹ، والی بال اور فٹ بال کے اجتماعی مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ اسی طرح حسنِ قرأت، دینی معلومات اور مشاہدہ معائنہ کے مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ خدمتِ انسانیت کے موضوع پر ہومینٹی فرسٹ نے ایک لیکچر پیش کیا اور خاص طور پر ترکیہ کے زلزلے میں شعبہ کی امدادی کاوشوں سے خدام کو آگاہ کیا گیا۔
اس اجتماع کا ایک اہم حصہ قرآنِ مجید کے متعلق ایک خصوصی نمائش تھی جو مکرم رضوان بیگ صاحب نے لگائی جو اس کے لئے خصوصی طور پر انگلستان سے تشریف لائے۔ قرآنِ مجید کے باطن اور اس کے ظاہری حسن کے موضوع پر ایک لیکچر دیا گیا جس میں مکرم رضوان بیگ صاحب بھی شامل ہوئے۔
شام سوا آٹھ بجے مکرم امیر صاحب جرمنی کی زیرِصدارت اجتماع گاہ میں افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم مع جرمن اور اردو ترجمہ کیا گیا۔ پھر صدر مجلس نے تمام خدام کے ساتھ مل کر اردو اور جرمن زبان میں مجلس خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ مکرم امیر صاحب جرمنی نے خدام سے افتتاحی خطاب فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ یہ سال جماعت احمدیہ جرمنی کی جوبلی کا سال ہے اور مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا اجتماع اس سال کا اہم پروگرام ہے۔ امیر صاحب نے خدام کو حضرت مسیح موعود کی کتب پڑھنے اور تبلیغ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ شام پونے دس بجے دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوئی اور اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد اسٹیڈیم میں خدام کے لئے ایک سپیشل مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں مختلف کوئز اور ورزشی مقابلہ جات شامل تھے۔ اس دوران تمام خدام میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔
دوسرے دن کی کارروائی
اجتماع کے دوسرے دن کرکٹ، والی بال، فٹ بال اور رسہ کشی کے اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے نیز کلائی پکڑنا، Strong man، ٹیبل ٹینس، ٹینس، تین ٹانگ دوڑ، گولا پھینکنا، 100 میٹر دوڑ، پنجہ آزمائی اور 5000 میٹر دوڑ کے انفرادی مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ اسی طرح دوسرے دن نظم، بیت بازی، اذان، تقریر اردو، تقریر جرمن، حفظ قرآن، فی البدیہہ تقریر اردو، فی البدیہہ تقریر جرمن، پیغام رسانی اور کوئز روحانی خزائن کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
دوپہر دو بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور نمازوں کے بعد تلقین عمل کے لئے مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے ہستی باری تعالیٰ کے موضوع پر خدام کو نصائح کیں۔ اس کے بعد شعبہ تعلیم جماعت احمدیہ جرمنی کے زیرِانتظام تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی ادا کرنے والے طلباء میں مکرم امیر صاحب جرمنی نے انعامات تقسیم کئے۔ اس کے علاوہ خدام کی تعلیم و تربیت کے لئے ذہنی صحت اور ایمان، ہنگامی حالات میں زندہ رہنے کے طریقے، کیرئیر اور ایمان، بہترین جیون ساتھی اور پاکستان سے نئے آنے والے خدام کے لئے اسائلم میں سہولیات اور دیگر معلوماتی لیکچر دیے گئے۔ مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کی نیشنل عاملہ، ریجنل قائدین اور جماعت احمدیہ جرمنی کی نیشنل عاملہ کے مابین، فٹ بال، رسہ کشی اور دیگر نمائشی مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ شام آٹھ بجے اجتماع گاہ میں خدام کے لئے ایک مختصر فیچر پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ایک ویڈیو کے ذریعہ نوجوانوں کو موجودہ دور میں درپیش مشکلات کے حل نکالنے کی طرف رغبت دلائی گئی۔
حضورانورکا خصوصی ویڈیو پیغام
پیارے آقا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس نے امسال خصوصی طور پر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے لئے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرکے بھجوا یا جوکہ تمام خدام نے آٹھ بج کر چالیس منٹ پر اجتماع گاہ میں ایل سی ڈی سکرینز پر ہمہ تن گوش ہو کر سنا۔ یہ ویڈیو پیغام بیک وقت ایم ٹی اے انٹرنیشنل پر بھی جاری کیا گیا۔ اس موقع پر اجتماع گاہ میں موجود خدام الاحمدیہ جرمنی کے ممبران کے براہِ راست مناظر بھی ایم ٹی اے پر دکھائے گئے۔
اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور اس کے فوراً بعد خدام میں حضرت مسیح موعود کی دس شرائط بیعت اور 5 بنیادی اخلاق کو پمفلٹ کی صورت میں خدام میں تقسیم کیا گیا۔
تیسرے دن کی کارروائی اور اختتامی تقریب
اجتماع کے تیسرے دن کرکٹ، والی بال، ریلے ریس اورفٹبال کے فائنل مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ دوپہر اڑھائی بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم مع جرمن و اردو ترجمہ کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب نے تمام خدام کے ساتھ ملکر مجلس خدام الاحمدیہ کا عہداردو اور جرمن زبان میں دہرایا۔ بعدہٗ کلام محمود سے نظم پیش کی گئی اور پھرمکرم ناظم اعلیٰ صاحب نےاجتماع سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ مکرم مبارک احمد تنویر صاحب نے قرآنِ کریم کے موضوع پر خدام سے اختتامی تقریر کی۔ آخر میں مکرم صدر صاحب نے مختصراًخدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
اختتامی دعاسے قبل تقریب تقسیم انعامات و حسن کارکردگی منعقد ہوئی۔ انعامات مکرم مشنری انچارج صاحب جرمنی نے تقسیم کئےاور اختتامی دعا کے ساتھ 43 واں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی بخیر و خوبی اختتام کو پہنچا، الحمدللہ ذالک۔