حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی 2023ء کے دوسرے روز نماز مغرب و عشاء سے قبل سنائے جانے والے خصوصی ویڈیو پیغام

حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی 2023ء کے دوسرے روز نماز مغرب و عشاء سے قبل سنائے جانے والے خصوصی ویڈیو پیغام

تشہد، تعوّذ اور تسميہ کے بعد حضورانور نے فرمايا:

اللہ تعاليٰ کے فضل سے خدام الاحمديہ جرمني کووِڈ کي وبا کے بعد دوسرا اجتماع خدام الاحمديہ منعقد کر رہي ہے۔ اللہ تعاليٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ صدر صاحب خدام الاحمديہ نے اس خواہش کا اظہار کيا کہ مَيں خدام الاحمديہ جرمني کے ليے پيغام دوں۔ پہلے تو ان کي خواہش تھي کہ خود آؤں ليکن مصروفيات کي وجہ سے خود آنا تو مشکل تھا۔ باوجود خواہش کے مَيں ايک عرصہ سے جرمني نہيں جا سکا۔

اجتماعات کا مقصد بيان کرتے ہوئے حضورِانور نے فرمايا: ہميشہ يہ ياد رکھيں کہ اجتماع کا مقصد ديني، علمي، اخلاقي اور روحاني ترقي ہے۔ صرف سپورٹس کے ايونٹ کرنا يا کھيلوں ميں حصہ لينا يا بعض معمولي پروگرام کر لينا وہ مقصد نہيں بلکہ اصل مقصد يہ ہے کہ نوجوانوں کي بھي اور بچوں کي بھي اخلاقي اور علمي ترقي ہو اسي طرح روحاني ترقي ہو۔ دين ميں بڑھنے والے ہوں۔

حضرت مسيح موعود کے ساتھ عہد بيعت کو ہم نے نہ صرف پورا کرنا ہے بلکہ انتہائي کوشش سے اور پورے اخلاص سے اور وفا سے اسے نبھانے کي کوشش کرني ہے تا کہ آنحضرتﷺ کي پيشگوئي کے مطابق اور اللہ تعاليٰ کے وعدوں کے مطابق جو آنے والے مسيح موعودؑ نے کام سرانجام دينے تھے ہم ان ميں معاون و مددگار بن سکيں۔ اگر ہم يہ نہيں کر رہے تو ہمارے اور غير ميں کوئي فرق نہيں۔

حضرت مسيح موعود نے مختلف مواقع پر جماعت کو نصائح فرمائيں اور آپ نے يہ توقع اور اميد رکھي کہ ميري جماعت کے لوگ ان باتوں پر عمل کرنے والے ہوں۔ پس آپ لوگ جو نوجواني کي عمر ميں ہيں آپ ايک جوش کے ساتھ، ايک لگن کے ساتھ، وفا کے ساتھ، اخلاص کے ساتھ اس بات کو پورا کرنے کي کوشش کريں کہ ہم نے حضرت مسيح موعود کے مشن کو پورا کرنا ہے اور وہ تبھي پورا ہو گا جب ہم اللہ تعاليٰ کے حکموں پر عمل کرنے والے ہوں گے اس کي رضا کو حاصل کرنے والے ہوں گے۔

حضرت مسيح موعودؑ کے ايک ارشاد کے حوالے سے حضورِانور نے فرمايا کہ ہميشہ يہ کوشش کريں کہ ہم نے آپس ميں ايک دوسرے سے پيار اور محبّت کا سلوک کرنا ہے۔ آپس کے تعلقات کو اس طرح رکھنا ہے جس طرح دو پيار کرنے والے بھائيوں کا تعلق ہوتا ہے۔

توحيد کے قيام اور نماز با جماعت کي طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمايا کہ خدام الاحمديہ بلکہ اطفال الاحمديہ کے ہر ممبر کو بھي چاہيئے کہ توحيد کے قائم کرنے کے ليے اللہ تعاليٰ کي عبادت کا حق ادا کريں۔ ايک ہو کر اللہ تعاليٰ کے آگے جھکيں اور اس کے ليے اللہ تعاليٰ نے جو نظام ہمارے ليے قائم فرمايا ہے، جس ميں ايک ہو کر اللہ تعاليٰ کے آگے اس کي عبادت کے ليے جھکنا ہے، وہ نماز باجماعت ہے۔ پس نماز باجماعت ادا کرنے کي طرف بھرپور کوشش کريں۔

گذشتہ بيماري کے دنوں ميں، کووڈ کے دنوں ميں، مسجدوں ميں نمازوں کي طرف اتني توجہ نہيں رہي۔ گو لوگ گھروں ميں نمازيں باجماعت ادا کرتے رہے ليکن اس سے شايد يہ غلط تاثر پيدا ہوگيا کہ اب گھروں ميں ہي نمازيں پڑھ ليا کريں تو کافي ہے۔ ليکن يہ اس اکائي کو ظاہر نہيں کرتا جو اللہ تعاليٰ چاہتا ہے۔ اللہ تعاليٰ کي وحدت کا تقاضا يہ ہے کہ جس طرح اللہ تعاليٰ نے حکم فرمايا ہے اس طرح مسجد ميں آ کر نماز ادا کي جائے۔

حضرت مسيح موعود کے اس ارشاد کہ دنيا کو مقصود بالذات نہ بناؤ بلکہ دين کو بناؤ حضورِانور نے فرمايا کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے مَيں نے خطبات ميں بھي ان باتوں کا ذکر کيا ہے کہ کس طرح ہم اللہ تعاليٰ کي عبادت کا حق ادا کر سکتے ہيں۔ کس طرح ہم اپنے اعليٰ اخلاق حاصل کرسکتے ہيں۔ کس طرح ہم اپنے اندر پاک تبديلياں پيدا کرسکتے ہيں اور پھر ان کے ذريعہ سے ہم اپنے معاشرے ميں کس طرح انقلاب پيدا کرسکتے ہيں۔ پس ان باتوں کو ہميشہ ياد رکھيں کہ اگر ہمارا مقصد دين ہوگا، اللہ تعاليٰ کي رضا ہوگي تو ہم يہ چيزيں حاصل کرسکتے ہيں اور اس ٹارگٹ کو اس مقصد کو حاصل کرنے والے بن سکتے ہيں جس کے ليے ہم نے بيعت کي ہے ورنہ عام مسلمانوں ميں اور ہمارے ميں کوئي فرق نہيں ہوگا۔

پھر ايک بہت اہم چيز جو ہے جس کي طرف حضرت مسيح موعود نے ہميں توجہ دلائي وہ يہ ہے کہ ہميں قرآنِ کريم پڑھنے کي طرف خاص طور پر توجہ کرني چاہيے۔ ہر خادم اور ہر طفل نہ صرف قرآن کريم کي تلاوت کرنے والا ہو بلکہ اس کے معني بھي جاننے والا ہو۔ اس کا ترجمہ بھي پڑھيں اور پھر جہاں تک ميسر ہو اس کي تفسير بھي پڑھيں۔ اس کے ليے اس زمانے ميں بہترين ذريعہ جو اللہ تعاليٰ نے عطا فرمايا ہے وہ حضرت مسيح موعود کا لٹريچر، کتب اور ملفوظات ہيں۔ اب تو حضرت مسيح موعود کي بہت ساري کتابيں جرمن زبان ميں ترجمہ ہو چکي ہيں ان کو پڑھنے کي کوشش کريں۔

دين کو دنيا پر مقدم کرنے کا جو آپ عہد کرتے ہيں اس کي حقيقت تبھي ظاہر ہو گي جب ہم حقيقت ميں دين کو سمجھنے کي بھي کوشش کريں گے۔ اس کے ليے قرآن کريم کو پڑھنا اور اس کو سمجھنا۔ اس کي تفسير کے ليے حضرت مسيح موعود اور خلفاء کي تفسيريں پڑھنا يہ وہ چيزيں ہيں جو آپ کو صحيح علم مہيا کر سکيں گي۔

اسي طرح اس زمانے ميں بہت ساري باتيں جو ہيں جو ہمارے اخلاق خراب کرنے والي ہيں ضروري ہے کہ ہم ان چيزوں سے بچيں۔ حضرت مسيح موعود نے فرمايا بدصحبت سے اپنے آپ کو بچاؤ۔ اس کے ليے سب سے پہلا ذريعہ تو يہي ہے کہ دعائيں کرو کہ اللہ تعاليٰ ہميں بدصحبت سے بچائے۔ پھر ايک ارادہ کرو کہ اللہ تعاليٰ ہميں بدّصحبتوں سے بچائے۔ شام کو آ کر انٹرنيٹ کھولا غلط قسم کے پروگرام ديکھنے لگ گئے، يا ٹي وي پہ غلط پروگرام ديکھنے لگ گئے، يا باہر جا کے غلط قسم کے دوستوں ميں بيٹھ کے غلط باتيں سيکھنے لگ گئے، يہ ساري باتيں ايسي ہيں جو دين اور خداتعاليٰ سے دور لے جانے والي ہيں۔ پس ہر خادم کو ہر طفل کو ان باتوں سے پرہيز کرنا چاہيے۔

خود بھي برائيوں سے پرہيز کريں اپني اولاد کو بھي برائيوں سے بچائيں اور يہي ايک طريقہ ہے جس سے ہم اپني نسل کو بچا سکتے ہيں اور يہي ايک طريقہ ہے جس سے ہم اس عہد بيعت کو پورا کر سکتے ہيں جس کے ليے ہم نے حضرت مسيح موعود کي بيعت کي ہے اور يہي وہ طريقہ ہے جس سے ہم خدام الاحمديہ کے عہد کو پورا کر سکتے ہيں۔ يہي وہ طريقہ ہے جس سے آپ خلافت کے صحيح وفادار بن سکتے ہيں اور جو عہد کرتے ہيں کہ ‘‘خلافتِ احمديہ کے قائم رکھنے کے ليے ہر قرباني کروں گا’’ اس کا آپ حق ادا کرسکتے ہيں۔ ورنہ اگر دنيا کي برائيوں ميں پڑ گئے، دنيا کي آلائشوں ميں پڑ گئے، دنيا کي چمک ميں پڑ گئے تو پھر يہ چيزيں آپ کبھي حاصل نہيں کرسکيں گے اور آپ اس مقصد کو بھي بھول جائيں گے جس کے ليے آپ نے يا آپ کے بڑوں نے بيعت کي تھي اور جماعتِ احمديہ ميں شامل ہوئے تھے۔

يہاں آ کر بہت سارے خاندان ايسے ہيں جن پر اللہ تعاليٰ نے بہت فضل فرمايا ہے۔ پس اللہ تعاليٰ کے ان فضلوں کا شکر ادا کرنے کے ليے ضروري ہے کہ اللہ تعاليٰ کي دي ہوئي تعليم کے مطابق ہم عمل کرنے والے ہوں اور اس کي رضا کو ہر وقت حاصل کرنے والے ہوں۔ اللہ تعاليٰ آپ سب کو اس کي توفيق عطا فرمائے، جزاک اللہ۔