سیّدنا حضرت مسیح موعودؑ نے دین اسلام کی صداقت اور قرآن کریم کی حقانیت کے دلائل ساطعہ پر مشتمل «براہین احمدیہ» تصنیف فرمانے کے فوراً بعد 1885ء میں ایک خط کے ذریعہ پوری دنیا کو دعوتِ اسلام دی۔ یہ خط ایک اشتہار کے ساتھ بذریعہ رجسٹری ڈاک بارہ ہزار افراد کو بھجوایا گیا۔ آپؑ نے جن ہزاروں شخصیّات کویہ خط اِرسال کیا، ان میں بڑے بڑے ممالک کے سربراہان بھی شامل تھے۔ان میں سے بعض سربراہان کے نام حضور ؑ نے اپنی کتب میں بھی تحریر فرمائے تھے جن میں جرمنی کے اوّلین چانسلر بسمارک(Otto von Bismarck) بھی شامل تھے۔ اِسی سال 1885ء میں حضرت مسیح معہود ؑ کا ذکرجرمنی سے شائع ہونے والے ایک عیسائی جریدہ „Evangelische Missions-Zeitschrift“ میں بھی چھپا۔